29 اکتوبر 2024 - 20:11
شیخ نعیم قاسم حزب اللہ لبنان کے نئے سیکریٹری جنرل + تصویر

حزب اللہ لبنان نے آج منگل 29 اکتوبر 2024ع‍ کو اپنے ایک بیان میں اعلان کیا کہ شیخ نعیم قاسم کو حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، حزب اللہ لبنان نے اپنے ایک بیان میں اعلان کیا کہ حزب اللہ لبنان کی شوریٰ نے خدائے متعال پر ایمان، خالص محمدی اسلام اور حزب اللہ کے اصولوں اور اہداف کی پابندی نیز سیکریٹری جنرل کے انتخاب کے منظور کردہ قواعد و ضوابط کی رو سے، جناب شیخ نعیم قاسم کو سیکریٹری جنرل منتخب کر لیا ہے۔

حزب اللہ لبنان نے اپنے بیان میں شہید سید حسن نصراللہ کے جانشین اور حزب‌الله لبنان کے نئے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم کے لئے، مقاومت کی راہ میں کامیابی کی دعا کی ہے۔

بیان کے آخر میں کہا گیا ہے: ہم اللہ تعالیٰ اور اپنے اعلیٰ ترین اور گراں قدر ترین شہید جناب سید حسن نصراللہ (رضوان اللہ علیہ)، شہداء، مقاومت اسلامی کے مجاہدین اور ثابت قدم، صابر اور وفادار عوام سے عہد کرتے ہیں کہ مل کر حزب اللہ کے اصولوں کے مطابق اس کے متعینہ مشن اور اہداف کے حصول کے لئے کوشاں رہیں گے، مقاومت کی مشعل کو روشن رکھیں گے یہاں تک کہ فتح حاصل ہو جائے۔

شیخ نعیم قاسم سنہ 1953ع‍ میں جنوبی لبنان میں پیدا ہوئے، وہ  ایک شیعہ عالم دین، سیاستدان اور مجاہد راہنما ہیں اور سنہ 1991ع‍ سے حزب اللہ لبنان کے نائب سیکریٹری جنرل کے عہدے پر فائز رہے ہیں۔

شیخ نعیم قاسم عربی کے علاوہ فرانسیسی زبان پر عبور رکھتے ہیں اور انھوں نے لبنان یونیورسٹی سے کیمیا میں ایم ایس سی کی ڈگری حاصل کی ہے اور جامعاتی تعلیم کے علاوہ وہ حوزہ علمیہ لبنان کے فارغ التحصیل بھی ہیں۔

شیخ نعیم قاسم نے امام موسیٰ صدر کے ساتھ مل کر امل تحریک یا حرکۃ المحرومین کی تاسیس میں کردار ادا کیا اور حزب اللہ لبنان کی تاسیس میں دوسرے قائدین کے ساتھ قریبی تعاون کیا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110